ریڈیو پاکستان پشاور سانحہ 9 اور 10 مئی 2023: خصوصی کمیٹی کا اجلاس، اصل حقائق سامنے لانے اور بے گناہ افراد کے حقوق کے تحفظ پر زور –

خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے ریڈیو پاکستان پشاور سانحہ 9 اور 10 مئی 2023 کا اجلاس پیر کے روزصوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کمیٹی کے چیئرمین اور وزیرِ قانون و پارلیمانی امور افتاب عالم کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ آبپاشی ریاض خان، معاونِ خصوصی برائے داخلہ طارق سعید، محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام، ایڈووکیٹ جنرل، اسپیشل پراسیکیوٹر، اسپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد 9 اور 10 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور کے احاطے میں پیش آنے والے واقعات کے اصل حقائق، تفتیشی عمل اور دیگر تمام متعلقہ پہلوؤں کا جامع جائزہ لینا تھا، تاکہ شفاف، غیر جانب دارانہ اور قانون کے مطابق تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے لائے جا سکیں اور کسی بھی بے گناہ شخص کے ساتھ ناانصافی کا احتمال نہ رہے۔ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں محکمہ پولیس کو ایک سوالنامہ فراہم کرتے ہوئے مختلف امور سے متعلق تفصیلی جوابات طلب کیے تھے، جبکہ سابقہ تفتیشی افسر کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا تاکہ تحقیقات کے حوالے سے ضروری معلومات، ریکارڈ اور شواہد کمیٹی کے سامنے پیش کیے جا سکیں۔
اجلاس کے دوران محکمہ پولیس کی جانب سے کمیٹی کے سوالنامے کے جوابات پیش کیے گئے، تاہم کمیٹی نے نشاندہی کی کہ مذکورہ جوابات باقاعدہ طور پر تصدیق شدہ نہیں ۔ اس پر چیئرمین خصوصی کمیٹی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ کارروائی اور تفتیش سے متعلق تصدیق شدہ جوابات کی نقول دو روز کے اندر کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔ اسی طرح اسپیشل پراسیکیوٹر نے متعلقہ تفتیشی افسر سے 9 اور 10 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق تصدیق شدہ ڈائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر آئندہ اجلاس میں لازماً شرکت کرے، تاکہ واقعات کے اصل حقائق، تفتیشی پیش رفت اور قانونی کارروائی سے متعلق تمام امور کو واضح کیا جا سکے۔
چیئرمین خصوصی کمیٹی اور وزیرِ قانون و پارلیمانی امور افتاب عالم نے محکمہ داخلہ اور محکمہ پولیس کے حکام کو ہدایت کی کہ اجلاس کے دوران کمیٹی کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں اور جاری کردہ ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت کی گئی کہ مطلوبہ کارروائی کی مکمل اور تصدیق شدہ رپورٹ آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے، جبکہ تمام متعلقہ ریکارڈ اور شواہد بھی مکمل صورت میں فراہم کیے جائیں۔

مزید پڑھیں