بچوں کے جنسی استحصال اور بدسلوکی کے خلاف صوبہ بھر میں آگاہی مہم کا آغاز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود ملک لیاقت علی خان کی خصوصی ہدایات پربچوں کے جنسی استحصال اور بدسلوکی کے خلاف صوبہ بھر میں آگاہی و شعور اجاگر کرنے کی مہم کی کا آغاز خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف پشاور کے کانفرنس ہال میں ہوا- جس میں سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شریف حسین بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اعجاز محمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر زمونگ کورپشاورنورزلی خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن زمونگ کور سید عمر علی شاہ اور مذہبی سکالرمولانا غلام اللہ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود اور دیگر مقررین نے کہا کہ بچوں کو جنسی بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات کو بچوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بچوں کے تحفظ کے لیے جامع نظام موجود ہے، صوبے کے 21 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس فعال ہیں، جبکہ مانسہرہ، نوشہرہ، ملاکنڈ، شانگلہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مزید چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مہم کا مقصد بچوں کے خلاف جنسی بدسلوکی اور استحصال کی روک تھام، مشتبہ عمل کی بروقت نشاندہی و رپورٹنگ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا اور بچوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانا ہے۔مقررین نے کہا کہ بچوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی بدسلوکی یا استحصال کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، اس حوالے سے معاشرے میں آگاہی اور احساس پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔والدین اور اساتذہ بچوں کے رویوں اور مشکلات پر خصوصی توجہ دیں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کی صورت میں اپنا کردار بھی ادا کریں اورمتعلقہ اداروں کو بھی اطلاع دیں، تاکہ بچوں کو بروقت تحفظ فراہم کیا جا سکے۔مہم کی افتتاحی تقریب میں بتایا گیا کہ کسی بھی بچے کو تحفظ کی ضرورت ہو تو خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن ہیلپ لائن 1121 یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر فوری اطلاع دی جائے۔اس موقع پر سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین نے بچوں کے جنسی استحصال اور بدسلوکی کے خلاف صوبہ بھر میں آگاہی مہم کاباقاعدہ افتتاح بھی کیا۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

مزید پڑھیں