
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مفاد عامہ کے لئے تمام امور بہتر طریقے سے انجام دینے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ معدنیات سے متعلق تمام تر امور کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا ہے تاکہ معیشت کی پائیدار ترقی ممکن ہوسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں محکمہ معدنیات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری معدنیات عامر لطیف، ڈائریکٹر جنرل معدنیات آصف خان ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ہے۔ اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے معدنیات کو محکمہ معدنیات کے امور، مائننگ کے حوالے سے جاری منصوبوں اور معدنیات سے متعلق نئے وسائل کی مائینگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اسی طرح جنگلات کی حدود میں موجود معدنیات اور اس کی مائینگ کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پرڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اس صوبے کے وسائل یہاں کی عوام کی امانت ہیں اور ہم نے ہر صورت ان وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور اس صوبے کی پائیدار ترقی کے لئے استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات کے کام کو تیز تر کرنا ہے اور مائینگ کے طریقے کار کو جدید بین الاقوامی طرز پر لانا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات کے تمام امور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں جبکہ معدنی وسائل کے تمام ترمنصوبوں کو صوبے کے وسیع تر مفاد کے لئے مقررہ وقت میں انجام دیا جائے گا۔۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ معدنیات صوبے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے ہم نے ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام تر امور پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ صوبے کے محاصل میں اضافہ ہوسکے اور صوبہ خیبر پختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔
