
ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم عنایت اللہ وسیم کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں حفاظتی قواعد و ضوابط کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور ان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے جامع طریقہ کار وضع کیا جائے۔انہوں نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا سروے کرا کر اسکی رپورٹ چار دن کے اندر فراہم کرنےکا حکم دیا تاکہ عمارتوں کی موجودہ حالت اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی جا سکے اور طلبہ کی جان و سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے دیر کالونی سکول حادثے میں بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے حادثے میں شہید ہونے والے بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید بچوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی
