مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان سمیت چار پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ شہدا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، بہادری اور عوام کے تحفظ کے عزم کی روشن مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی عمران الدین خان، ایس آئی افضل اعوان، پولیس اہلکار کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ صوبے کے بہادر پولیس اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے ہر محاذ پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ثمر ہارون بلور نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی اور شہدا کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
