مشیر اوقاف و مذہبی امور مولانا محمد طیب قریشی نے قدیم دینی درسگاہ دارالعلوم سرحد پشاور کا دورہ کیا، جہاں جامعہ کے مہتمم مولانا جواد احمد بنوری اور دیگر علماء کرام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مولانا طیب قریشی نے دارالعلوم سرحد کے شیخ الحدیث اور ممتاز عالم دین مفتی سید قمر سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
مشیر اوقاف نے دارالعلوم سرحد کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور اساتذہ کرام و طلباء سے ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں وہ دارالعلوم کے استاد الحدیث مولانا شیخ تحسین اللہ کی کلاس میں بھی گئے، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی دعوت پر طلباء سے مختصر خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں مولانا محمد طیب قریشی نے کہا کہ دارالعلوم سرحد اور بنوری خاندان کی پاکستان کے قیام اور ملکی و قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان دینی شخصیات اور اداروں نے وطن عزیز کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ، دینی و اخلاقی تربیت اور معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مدارس کی ترقی، بہتری اور طلباء کو سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دینی مدارس کے مسائل کے حل اور ان کے مثبت کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
مولانا طیب قریشی نے واضح کیا کہ محکمہ اوقاف کی اراضی پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سرکاری و اوقافی املاک کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان املاک پر غیر قانونی قبضے کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے گا اور اوقافی اراضی کو غیر قانونی قبضے سے واگزار کرانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے
