پشاور، ہری پور اور بونیر میں فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، 1500 کلوگرام مضر صحت گوشت اور 2550 کلوگرام جعلی شہد برآمد

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور گورنر کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور اور وومن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری، مضر صحت اور جعلی خوردونوش اشیاء کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، ہری پور اور بونیر میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت، جعلی شہد اور دیگر غیر معیاری اشیاء برآمد کرکے تلف یا سرکاری تحویل میں لے لیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

پشاور میں خفیہ اطلاع پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے آدھی رات کو بس ٹرمینلز پر ایک مسافر بس کی چیکنگ کی، جس کے دوران تقریباً 1500 کلوگرام خراب اور مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ گوشت میں گائے کا گوشت، کلیجی، اوجھڑی اور زبانیں شامل تھیں۔ ترجمان کے مطابق لیبارٹری تجزیے میں گوشت غیر معیاری اور فوڈ سیفٹی قوانین کے منافی ثابت ہوا، جس پر اسے موقع پر تلف کرکے ذمہ داران پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔

بونیر میں فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گھر میں جعلی شہد تیار کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران 2550 کلوگرام جعلی شہد، 1300 کلوگرام چینی، مصنوعی چھتے اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ جعلی شہد تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کرکے مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ ملزمان کو جیل منتقل کردیا گیا۔

بونیر ہی میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک مشروب میں برکس (Brix) کی مقدار مقررہ معیار سے کم پائی گئی، جس پر 288 بوتلیں سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔

ادھر ہری پور میں پاپڑ بنانے والے یونٹ کا معائنہ کیا گیا، جہاں فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 250 لیٹر مضر صحت اور بدبودار تیل بھی برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔

اس موقع پر مشیر برائے خوراک کفایت اللہ نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ، جعلی اشیاء کی تیاری اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

مزید پڑھیں