موسمِ سرما اور ممکنہ برف باری سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی زیرِ صدارت موسمِ سرما 2026-27 کے دوران متوقع برف باری، شاہراہوں کی بحالی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ملم جبہ روڈ سمیت برف باری سے متاثر ہونے والی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے، برف ہٹانے والی مشینری اور ضروری آلات کی دستیابی یقینی بنانے اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ برف باری سے قبل مشینری مناسب مقامات پر تعینات کی جائے جبکہ ملم جبہ روڈ پر PRIP کنٹریکٹر کی مشینری کی دستیابی اور تفصیلات سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹیں پی ایم آر یو برانچ کو ارسال کی جائیں۔ پختونخواہائی وے اٹھارٹی کو شاہراہوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ اور پتھر ہٹانے کی بھی ہدایت کی گئی۔انہوں نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی ٹیموں، آلات اور باہمی رابطہ کاری کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام اور سیاحوں کی حفاظت، شاہراہوں کی بحالی اور آمدورفت کی بلاتعطل فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و انسانی حقوق)، متعلقہ محکموں کے افسران اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں