گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے قانون، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید کی خصوصی ہدایات پر انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے پولیس اور محکمہ قانون و انسانی حقوق کے درمیان ادارہ جاتی رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں آئی جی پی آفس کی ایس ایس پی کمپلینٹ سیل شاہزادی نوشاد نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لائ اینڈ ہیومن رائٹس کا دورہ کیا، جہاں شکایات کے ازالے کے موجودہ نظام اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ایس ایس پی شاہزادی نوشاد نے اپنے دفتر میں موصول ہونے والی شکایات کی چار اقسام، جن میں عمومی شکایات، پولیس اسسٹنس لائن (PAL)، پاکستان سٹیزن پورٹل اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات شامل ہیں، کے طریقہ کار اور متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائ اینڈ ہیومن رائٹس نے مشیر عامر جاوید کے وژن اور ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انسانی حقوق کے تحفظ، اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری اور شہریوں کی متعلقہ اداروں تک براہِ راست رسائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف انسانی حقوق کے اداروں کے ناموں، خدمات اور رابطہ نمبرز پر مشتمل آگاہی بینرز تیار کیے گئے ہیں، تاکہ شہری اپنی شکایات کے اندراج اور داد رسی کے لیے متعلقہ فورمز تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں۔ایس ایس پی شاہزادی نوشاد نے اس اقدام کو سراہا، جبکہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیے تیار کردہ آگاہی بینرز ان کے حوالے کیے گئے، جنہیں صوبے بھر میں ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) کے دفاتر کے باہر آویزاں کیا جائے گا۔مزید برآں، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یواین ڈی پی کے تعاون سے انسانی حقوق کے شعبے میں ایک مربوط ڈیجیٹل پورٹل بھی قائم کی گئی ہے، جس کے ذریعے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے 13 متعلقہ اداروں کو باہم منسلک کیا گیا ہے۔
