
گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کانوینٹ گرلز ہائی سکول کے سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کی محنت، لگن اور صلاحیتوں کو سراہا۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پشاور کی بچیوں کو پراعتماد، ذہین اور باصلاحیت دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ آج کی بچیوں کی آنکھوں میں موجود چمک اور آگے بڑھنے کا جذبہ برقرار رہنا چاہیے۔ والدین اپنی بیٹیوں کے خوابوں کی تکمیل میں ان کا ساتھ دیں اور ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی کریں۔انہوں نے کہا کہ بچیوں کو اپنی پسند کے شعبوں میں آگے بڑھنے اور صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگر والدین اپنی بیٹیوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہوں تو کوئی طاقت انہیں کامیابی کی بلند ترین منزلوں تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔مشیرِ گورنر نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آج کی بچیاں مستقبل میں ملک کے اہم اداروں اور اعلیٰ عہدوں پر پشاور کی نمائندگی کریں۔ معاشرے میں صنفی تفریق کی دیواریں گر رہی ہیں، جس میں والدین اور معیاری تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کانوینٹ گرلز ہائی سکول کی طالبات کی منظم، پیشہ ورانہ اور متاثر کن پریزنٹیشن کو بھی سراہتے ہوئے سکول انتظامیہ اور اساتذہ کی تعلیمی و تربیتی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
