
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور، خوراک اور ویمن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ خان نے محکمہ خوراک کو تمام مالی حسابات، بینک ریکارڈ اور زیرِ التوا واجبات کی تطبیق 30 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرکاری وسائل کے استعمال اور آٹے کی تقسیم میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ ہدایات بدھ کو اپنے دفتر میں محکمہ خوراک کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک نثار، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گندم کے ذخائر، ضلع وار آٹے کے کوٹے، ترسیل، مالی حسابات اور زیرِ التوا ادائیگیوں کا جائزہ لیا گیا۔مشیرِ گورنر نے حکام کو ہدایت کی کہ گندم کے ابتدائی و اختتامی ذخائر، گوداموں میں موجود اسٹاک، ترسیلی ریکارڈ اور ادائیگیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی یا سرکاری وسائل کے ضیاع کا امکان نہ رہے۔اجلاس میں کوہستان، اپر کوہستان، تورغر، شانگلہ اور چترال سمیت مختلف اضلاع کو آٹے کی فراہمی اور ترسیل کے مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔ گاڑیوں کی دستیابی، گوداموں کی گنجائش، لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کفایت اللہ خان نے ہدایت کی کہ ہر ضلع کو اس کی ضرورت اور مختص کوٹے کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ترسیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔انہوں نے اکاؤنٹس اور ایم آئی ایس حکام کو محکمانہ ڈیٹا، لیجرز، ادائیگیوں کے ریکارڈ اور بینک اسٹیٹمنٹس کا باہمی موازنہ کرکے تمام حسابات 30 نومبر تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی ریکارڈ کی درستگی اور شفافیت سے نہ صرف ادارہ جاتی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوامی فنڈز کے درست استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔زیرِ التوا واجبات کے حوالے سے مشیرِ گورنر نے متعلقہ حکام کو قواعد و ضوابط کے مطابق ادائیگیاں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اپنے واجبات کے منتظر افراد اور متعلقہ فریقین کو مزید انتظار نہ کرنا پڑے۔کفایت اللہ خان نے فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور گوداموں کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری آٹا مقررہ طریقہ کار کے مطابق مستحق صارفین تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے مارکیٹ کی ضروریات پر نظر رکھنے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے اور آٹے کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا۔مشیرِ گورنر نے کہا کہ محکمہ خوراک کی بنیادی ذمہ داری عوام کو معیاری آٹا مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا اور غذائی تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذخائر کے بہتر انتظام، منصفانہ تقسیم اور عوامی ریلیف کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔اجلاس کے اختتام پر انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو فیصلوں پر مقررہ مدت میں عمل درآمد اور پیش رفت بارے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
