خیبر پختونخوا کی مشیر برائے صحت، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر نے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ(ایچ ۔آئی ۔ ایس۔ ڈی ۔ یو )کے مرکز کا دورہ کیا۔

گورنرخیبر پختونخوا کی مشیر برائے صحت، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر نے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ(ایچ ۔آئی ۔ ایس۔ ڈی ۔ یو )کے مرکز کا دورہ کیا اور یونٹ کے مختلف امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر مشیر صحت کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخواہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ (ایچ ۔آئی ۔ ایس۔ ڈی ۔ یو )، ڈیجیٹل گورننس کو مضبوط بنا نے، ادارہ جاتی و تجزیاتی خدمات کی فراہمی اور صلاحیتوں کی بہتری میں محکمہ صحت کی معاونت کرے گا۔ اس کے کام میں محفوظ اور باہم مربوط ڈیجیٹل نظاموں کی تشکیل،کارکردگی کی نگرانی اور شواہد پر مبنی فیصلوں میں رہنمائی کے لیے محکمے کو بروقت معلومات فراہم کرنا ، انتظامی، افرادی قوت اور خدمات کی فراہمی کے بنیادی عمل کو ڈیجیٹلائز کرنا شامل ہے۔ مشیر صحت نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے صحت کے ڈیٹے کا ایک مربوط نظام تشکیل پائے گا، جس سے گورننس زیادہ شفاف اور موثر ہوگی، کام کے دوہراؤ اور انتظامی اخراجات میں کمی آئے گی، اور شواہد نیز پیش گوئی پر مبنی تجزیات (predictive analytics) کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈز اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ جیسے ڈیجیٹل ٹولز کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانا ہے، اور اس طرح کاغذی کارروائی سے پاک( پیپر لیس) نظام ماحولیاتی پائیداری میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت اٹھارہ ماڈیولز (modules) پر عمل درآمد کیا جانا ہے۔ ان نظاموں کا مجموعی مقصد محکمہ صحت کے مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانا اور خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے زیادہ قابلِ اعتماد اور فوری ردعمل دینے والی (responsive) طبی خدمات کی فراہمی میں مدد کرنا ہے۔ خیبر پختونخوا ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ، محکمہ صحت کے ڈیجیٹل اقدامات، ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی اور آپریشنل کارکردگی کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔

مزید پڑھیں