
مشیر اوقاف مذہبی و اقلیتی امور ، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی سے انجمن تاجران پشاور کے صدر شاہد خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں شاہین بازار میں محکمہ اوقاف سے متعلق تاجروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ایڈمنسٹریٹر اوقاف گل نواز خان و دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ ملاقات کے دوران تاجروں کے وفد نے شاہین بازار اور دیگر تجارتی مراکز سے متعلق مسائل سے مشیر اوقاف کو آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کی درخواست کی۔ مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے تاجروں کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے محکمہ اوقاف ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور متعلقہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمیٹی تاجروں اور محکمہ اوقاف کے درمیان رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے مسائل کا جائزہ لے اور ان کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے۔
