
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) خیبر پختونخوا سے انٹرنیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر محترمہ کیال اکماتبیک کی سربراہی میں ایک وفد نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخرِ عالم عرفان سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں محکمہ صنعت، زراعت اور سیاحت کے سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران صوبے میں ایف اے او کے جاری پروگرامات اور دیگر اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکائ نے زرعی ترقی، غذائی تحفظ، ذرائعِ معاش اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں کے بارے میں گفتگو کی گئی۔
اس ملاقات میں مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ایف اے او کے مسلسل تعاون اور صوبے میں زراعت اور متعلقہ شعبوں کی ترقی میں اس کے قابلِ قدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے جانے والے اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کے لیے حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ایف اے او خیبرپختونخوا کی انٹرنیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر کیال اکماتبیک نے کہا کہ ایف اے او اور حکومتِ خیبرپختونخوا کی مشترکہ کوششوں سے صوبے بھر میں زراعت، غذائی تحفظ، ذرائعِ معاش اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں بھرپور اقدامات جاری ہیں۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اضلاع کی سطح پر ذرائعِ معاش کے منصوبوں اور دیگر اقدامات کے سلسلے میں ایف اے او کے ساتھ قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔
