نگران صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود، ویمن ایمپاورمنٹ و جیل خانہ جات جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے کہا ہے

نگران صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود، ویمن ایمپاورمنٹ و جیل خانہ جات جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت خواتین کی سیاسی عمل میں شرکت اور معاشرے میں ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کام کرنے والے اداروں، خاص طور پر ڈونرز کے تعاون کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے صوبے میں خواتین کی ترقی, سیاسی عمل میں ان کی شرکت اور سرکاری محکموں میں جینڈر رسپانسیو بجٹنگ اور منصوبہ بندی کو فروغ دینے کے لیے گلوبل افئیرز کینیڈا اور کوواٹر انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں کو واٹر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ان کے چار سالہ پراجیکٹ کی تکمیل پر کانفرنس کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ہیڈ گلوبل افئیرز کینیڈا نے بھی خطاب کیا۔
ہیڈ گلوبل افئیرز کینیڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی ترقی اور سیاسی عمل میں شرکت کے مواقع نہایت محدود ہیں اور اس سلسلے میں اب بھی بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کو واٹر انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کو با اختیار بنانے اور جینڈر کے حوالے سے اقدامات کے حوالے آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے کہا کہ کو واٹر انٹرنیشنل نے گلوبل افئیرز کینیڈا کے تعاون سے نسواں کمشن خیبر پختونخوا, محکمہ سماجی بہبود اور منصوبہ بندی و ترقیات اور پولیس کے عملے کی تربیت، خواتین سے متعلق قوانین کے آسان اردو زبان میں ترجمہ اور سرکاری آفیسرز اور خواتین کمیٹیوں کی ارکان کے بین الصوبائی دوروں کا اہتمام کر کے پراجیکٹ کے مقاصد کی طرف نمایاں پیش رفت کی اور حکومت اس منصوبے کے کام کو آگے لے جانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ نگران صوبائی وزیر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ میں اب تمام پی سی ون میں جینڈر کی اہمیت اور ضروریات کو لازمی مد نظر رکھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں