یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر کی چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے ملاقات

یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر (جنوبی ایشیا) سنجے وجیسیکرا کی صدارت میں ایک وفد نے بدھ کے روز چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے پشاور میں ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔چیف سیکرٹری نے اہم شعبوں میں یونیسیف کی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیسیف نے ہر مشکل وقت میں خیبرپختونخوا حکومت کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام، ابتدائی وثانوی تعلیم بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے حکومت کو یونیسیف کی مدد کی ضرورت ہے۔چیف سکرٹری نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن متعارف کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں تعلیم سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ ہنرمند بھی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے صحت کے شعبے خصوصاً غذائیت، حفاظتی ٹیکوں اور انسداد پولیو میں یونیسیف کے کردارکی بھی تعریف کی۔اس موقع پرریجنل ڈائریکٹر یونیسیف نے بچوں کی تعلیم، ان کے حقوق کے تحفظ اور دیگر اہم شعبوں میں حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو صحت، تعلیم، بچوں کے تحفظ اور دیگر شعبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں نگران صوبائی وزراء، انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں