صوبائی وزیر نے مریضوں اور تیمارداروں سے صحت کارڈ کے تحت طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے آگاہی حاصل کی
صوبے میں عوامی حکومت ہے اور عوامی مفاد کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وژن کو پورا کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے آتے ہی معاشی مشکلات کے باوجود انصاف صحت کارڈ کی تحت طبی سہولیات کی فراہمی کا آغاز دوبارہ کر دیا ہے جسے سابقہ نگران صوبائی حکومت نے صوبے کے مریضوں کے علاج کی پرواہ کئے بغیر بند کر دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مردان میڈیکل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتالوں کے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں گئے اور مریضوں اور انکے تیمارداروں سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی تمام طبی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی، اس موقع پر صوبائی وزیر نے مریضوں کو درپیش کچھ مسائل کے حل کے لئے ہسپتال اور ضلعی انتظامیہ کوموقع پر احکامات جاری کئے اور دیگر بڑی طبی سہولیات کی فراہمی اور جاری منصوبوں کو جلدحتمی شکل دینے کے لئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری محکمہ صحت سے جلد ملاقات کا اعادہ بھی کیا، دریں اثنا میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے صحت کارڈ دوبارہ شروع کرنے کے بعد کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے روٹی 5 روپے سستی کر دی ہے اور 100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے جبکہ 200 گرام روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر کر دی ہے ان کا کہنا تھا کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ خوراک کے اہلکاروں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ روٹی کی نئی قیمت پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں اور غفلت کی صورت میں متعلقہ نانبائی کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر انہیں جیل بھیج دیں، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف صرف نعروں اور اعلانات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ عملی خدمات پر یقین رکھتی ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں عوامی حکومت ہے اور عوامی مفاد کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔