وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام حلقوں میں احتجاج کے لئے زور وشور سے تیاریاں جاری ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تمام منتخب نمائندگان کو اپنے حلقوں میں مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، تمام حلقوں میں 24 نومبر کی تیاری کے لئے ریلیوں اور کارنر میٹنگز کا بندوبست بھی کیا جارہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تمام حلقوں سے منتخب نمائندوں کی سربراہی میں ہزاروں کے قافلے نکلیں گے، موٹروے پر تمام قافلے جمع ہوکر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں اسلام آباد کی طرف گامزن ہوں گے، مینڈیٹ چور حکومت کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر دھڑن تختہ کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت فسطائیت سے پرہیز کرے ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے، 24 نومبر ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کا دن ہوگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت خواس باختہ ہوچکی ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ جعلی حکومت کان کھول کر سن لے کہ اس دفعہ مطالبات کی منظوری کے بغیر واپسی نہیں ہوگی۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ہمارا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام کارکنوں کی رہائی اور 8 فروری کو چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کرنا اور ملک میں آئین وقانون کی سربلندی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ جعلی حکومت نے ہمیشہ آئین وقانون کو روندتے ہوئے حکمرانی کی ہے مگر اب عمران خان ایسا نہیں کرنے د ینگے۔ جعلی حکومت کے جعلی حکمرانوں سے پورا پورا حساب لیا جائیگا۔ ملک پر مسلط سیاسی مافیا نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔