مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مخالفین پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں بڑھاچڑھاکر پیش کرکے خوش فہمی میں مبتلا نہ ہوں، پی ٹی آئی میں جتنے اختلافات ہیں اس سے کہیں زیادہ تو صرف شریف خاندان کے اندر ہر وقت پائے جاتے ہیں،شریف خاندان میں اقتدار کے حصول کی جنگ ہر وقت جاری رہتی ہے۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بھی بھٹو کے اصل وارث کی فکر کرنی چاہیے، بلاوجہ بھٹو کی جگہ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی شکل میں اصلی بھٹو سامنے آیا ہے، بھٹو کے اصلی وارث سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی حواس باختہ ہوچکی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی میں معمولی اختلافات کو بڑھا کر پیش کرنا محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے پاکستان تحریک انصاف مکمل طور پر متحد ہے، کارکنان سے لے کر مرکزی و صوبائی قیادت تک سب عمران خان کی رہائی کے لیے یک زبان ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان پر قائم تمام جعلی مقدمات جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، وہ دن دور نہیں جب عمران خان ایک بار پھر عوام کے درمیان ہوں گے۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ جعلی حکومت عمران خان سے خوفزدہ ہیں اسلئے پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں بڑھا چڑھاکر چلاکر اپنے دل کو بہلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جڑیں عوام میں ہیں اور عمران خان عوام کے دلوں میں رچ بس چکا ہے۔ جعلی حکومت کچھ بھی کریں عوام کے دلوں سے عمران خان کو نہیں نکال سکتے ہیں۔