وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لئے ایک اور اچھا قدام اٹھایا ہے۔ صوبائی حکومت نے بچوں کو مفت سکول بیگز فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اس کے علاوہ حکومت نے سرکاری سکولوں کے طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اسی طرح پیرنٹ ٹیچر کونسل کا سالانہ فنڈ 5 ارب سے بڑھا کر 7 ارب روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اس فیصلے کا مقصد غریب والدین پر معاشی بوجھ کم کرنا اور داخلہ مہم کو مؤثر بنانا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں،مریم نواز سے درخواست ہے کہ علی امین گنڈاپور کے اس منصوبے کو بھی کاپی کریں، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کے بچے بھی خوشحال اور تعلیم یافتہ ہوں، مریم نواز کو چاہئے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کی بجائے علی امین کی طرح حقیقی اصلاحی ایجنڈے پر کام کریں۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں کیونکہ تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی کے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال داخلہ مہم کو موثر بنانے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے جسکے دورس نتائج سامنے آئیں گے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے مزید کہا کہ بچے ہمارے آنے والا مستقبل ہیں انکو جدید اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔