مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے برٹش ہائی کمیشن کے وفد کی ملاقات

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے برٹش ہائی کمیشن کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد میں پولیٹیکل سیکشن کی سربراہ زوئے وئیر اور پولیٹیکل قونصلر کورمک شامل تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خطے میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پہیلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفد کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات سے آگاہ کیا اور مودی سرکار کے مزموم عزائم پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر اسیران کے مقدمات پر بھی گفتگو ہوئی۔اس دوران خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات اور حکومت کی جانب سے ان کی روک تھام کے لئے کئے گئے مؤثر اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت قبائلی اضلاع میں صحت, امن امان اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اس موقع پر وفد نے خیبر پختونخوا میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور دہشت گردی کے خلاف حکومت کے اقدامات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے اختتام پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں