وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل کراپ رپورٹنگ سروسز پشاور میں جیوگرافک انفارمیشن سسٹم لیب کا افتتاح کیا اور لیب کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں لیب کے قیام کے مقاصد، کام کے طریقہ کار اور جغرافیائی معلومات کے جدید نظام کے ذریعے فصلوں کی رپورٹنگ اور زرعی منصوبہ بندی میں معاونت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر نوید اور ڈائریکٹر سائل اینڈ واٹر کنزرویشن سمیع اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقوں کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، محکمہ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے نہ صرف فصلوں کی پیداوار کے درست تخمینے لگانے میں مدد ملے گی بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور شدید موسمی حالات سے زرعی شعبے کو پہنچنے والے نقصانات کا بروقت اور مؤثر انداز میں جائزہ بھی لیا جاسکے گا۔
میاں محمد عمر نے مزید کہا کہ کسانوں کی سہولت اور زرعی خدمات تک مؤثر رسائی کے لیے کسان ماڈل فارم سروسز سینٹرز میں کسانوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔ زرعی افسران اور کسانوں کے درمیان مؤثر اور مسلسل روابط کو فروغ دیا جائے، جبکہ ماڈل فارم سروسز سینٹرز کی کارکردگی، خدمات کے معیار اور افادیت میں مزید بہتری لانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ سروسز سید الطاف احمد شاہ نے مشیر زراعت کو نئی قائم کی گئی GIS لیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لیب کا قیام ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ خیبرپختونخوا کے تحت انتہائی قلیل مدت میں عمل میں لایا گیا ہے۔ جیوگرافک انفارمیشن سسٹم ٹیکنالوجی کے ذریعے کراپ رپورٹنگ سروسز صوبے میں کاشت ہونے والی تمام بڑی و چھوٹی فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کے تخمینے میں مزید معاونت حاصل ہوگی۔ لیب میں جدید نوعیت کے آلات اور پیشہ ور عملہ موجود ہے، جو محکمہ زراعت کے متعلقہ امور کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور سائنسی بنیادوں پر انجام دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ میاں محمد عمر نے کہا کہ جیوگرافک انفارمیشن سسٹم لیب سے حاصل ہونے والی معلومات صوبائی سطح پر منصوبہ سازوں، پالیسی سازوں اور متعلقہ حکام کے لیے نہایت اہم ثابت ہوں گی۔ مستند اور بروقت زرعی اعداد و شمار کی بنیاد پر بہتر اور نتیجہ خیز فیصلے سازی ممکن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا محکمہ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیق پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ کسانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔
