مشیر زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت کوارڈینیشن کونسل کا پہلا اجلاس، بین المحکماتی تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت محکمہ زراعت اور محکمہ آبپاشی کے درمیان باہمی تعاون، رابطہ کاری اور درپیش مسائل کے حل کے لیے قائم کوارڈینیشن کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر آبپاشی ریاض خان، سیکرٹری آبپاشی عابد وزیر، اسپیشل سیکرٹری زراعت پرویز ثبت خیل اور دونوں محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ زراعت اور محکمہ آبپاشی کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے، آبپاشی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ زرعی فوائد حاصل کرنے، ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور مختلف انتظامی و تکنیکی رکاوٹوں کے خاتمے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ رابطہ کونسل دونوں محکموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم فورم ہے، جسے مزید فعال اور مضبوط بنایا جانا چاہیے تاکہ باہمی روابط کے ذریعے مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے پانی کے وسائل کا مؤثر، منظم اور جدید استعمال ناگزیر ہے۔ مضبوط بین المحکماتی رابطہ ہی کسانوں کو بہتر سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت پہنچانے کی ضمانت بن سکتا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں محکموں کے نمائندوں پر مشتمل سب کمیٹی قائم کی جائے گی جو باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے، درپیش مسائل کی نشاندہی، ان کے فوری حل اور کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے باقاعدہ سفارشات مرتب کرے گی۔

مزید پڑھیں