
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت آن فارم واٹر مینجمنٹ کے تحت جاری ایریگیٹڈ ایگریکلچر امپروومنٹ پراجیکٹ کی مختلف سرگرمیوں اور پیش رفت کے جائزے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں، مقررہ اہداف، جدید آبپاشی ٹیکنالوجیز کے فروغ اور اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ حیات خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایریگیٹڈ ایگریکلچر امپروومنٹ پراجیکٹ محمد آصف جبکہ آن فارم واٹر مینجمنٹ کے ضلعی افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔میاں محمد عمر نے اجلاس میں واضح کیا کہ منصوبے کے مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی سست روی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے ضلعی ڈائریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور منصوبے کی پیش رفت میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر اور کفایت شعارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہائی ایفیشنسی اریگیشن سسٹم کی تنصیب پر کام جاری ہے۔ زرعی پانی کے بہتر استعمال، زمین کی ہمواری اور آبپاشی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لیزر لینڈ لیولنگ یونٹس کی فراہمی بھی جاری ہے۔مشیر زراعت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت جاری تمام سرگرمیوں کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے اور سال کے اختتام تک اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔ انہوں نے جاری منصوبوں کے معیار اور رفتار کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے اور جدید آبپاشی نظام کے فوائد زیادہ سے زیادہ زرعی رقبے اور کسانوں تک پہنچانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ ہائی ایفیشنسی اریگیشن سسٹم پانی کی قلت والے علاقوں میں زرعی پیداوار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ جدید آبپاشی ٹیکنالوجی کے ذریعے کم پانی میں زیادہ رقبے کو مؤثر انداز میں سیراب کرنے اور فصلوں کی پانی کی ضروریات بہتر طور پر پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
