ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری خیبر پختونخوا اریگیٹڈ ایگریکلچر امپروومنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس،

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر کی زیر صدارت آن فارم واٹر مینجمنٹ کے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری خیبر پختونخوا اریگیٹڈ ایگریکلچر امپروومنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مذکورہمنصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ زراعت دلنواز خان، ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر انجینئرنگ سمیت آن فارم واٹر مینجمنٹ کے تمام ضلعی ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ترقیاتی منصوبہ سال 2020 سے جاری ہے، جس کے تحت زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے لیے واٹر کورسز کی تعمیر، ڈرپ ایریگیشن سسٹمز اور سپرنکلر ایریگیشن سسٹمز نصب کیے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 40 ارب روپے ہے اور اس کے ذریعے صوبے میں جدید آبپاشی نظام کو فروغ دے کر زرعی پیداوار میں اضافہ اور پانی کے ضیاع میں کمی لانے کے اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔مشیر زراعت میاں محمد عمر نے ہائی ایفیشنسی واٹر ایریگیشن سسٹم کے فروع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈرپ، سپرنکلر اور رین گن جیسی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی، فصلوں کی پیداوار اور معیار میں اضافہ، کھاد کے بہتر استعمال اور کاشتکاروں کے اخراجات میں کمی آئی گی۔اس موقع پر مشیر زراعت میاں محمد عمر نے ہدایت کی کاشتکاروں کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنائے جائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے دوران ان سے باقاعدہ مشاورت کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں تک پہنچ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا زراعت کے شعبے کی ترقی، جدید آبپاشی نظام کے فروغ اور کسانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں