خیبرپختونخوا میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت جامع پروگرام کا اعلان، عدنان قادری نے آغاز کیا

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور محمد عدنان قادری نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا ربیع الاول 1448ھ کے دوران عشرہ رحمت للعالمین ﷺ بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منائے گی، جس کے تحت صوبہ بھر میں سیرتِ طیبہ ﷺ، اخوت، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے جامع پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔اطلاع سیل محکمہ اطلاعات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت مختلف محکموں، ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں، مدارس، علماء، نوجوانوں، خواتین، اقلیتی برادریوں اور سول سوسائٹی کو سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچانا اور آپ ﷺ کے پیغامِ رحمت، امن، برداشت، عدل و انصاف اور بین المذاہب ہم آہنگی کو اجاگر کرنا ہے۔ عدنان قادری نے بتایا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی تقریبات 14 سے 25 اگست 2026ء تک جاری رہیں گی، جبکہ صوبائی سطح پر افتتاحی سرگرمیوں کا آغاز 17 اگست سے کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع میں سیرت کانفرنسز، حسنِ قرأت و نعت کے مقابلے اور دیگر تقریبات منعقد ہوں گی۔ محمد عدنان قادری نے کہا کہ 18 اگست کو جامعات اور کالجز میں سیرت سیمینارز منعقد کیے جائیں گے، جبکہ 19 اگست کو سکولوں میں سیرت کانفرنسز اور مختلف مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ 20 اگست کو مدارس میں خصوصی سیرت پروگرامز منعقد کیے جائیں گے، جن میں سیرت کانفرنسز، تقریری و مباحثے کے مقابلے، تلاوتِ قرآن کریم اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ 21 اگست کو ڈویژنل سطح پر حسنِ قرأت و نعت کے مقابلے ہوں گے، جبکہ 24 اگست کو صوبائی سطح پر فائنل مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء میں نقد انعامات اور اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سطح پر عظیم الشان سیرت کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں ممتاز علماء، مشائخ، خواتین، قرأت و نعت کے ججز، اقلیتی برادریوں کے نمائندوں اور دیگر معزز شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ کانفرنس میں سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، امن، عدل و انصاف اور انسانی حقوق کے پیغام کو اجاگر کیا جائے گا۔ محمد عدنان قادری نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کا ماڈل امن، انصاف، انسانی احترام اور مساوی حقوق کے حوالے سے ایک رہنما اصول کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ میں تمام انسانوں کے احترام، حسنِ سلوک، برداشت، عدل و انصاف اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ رواداری کے واضح اصول موجود ہیں، جنہیں موجودہ دور میں معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور ریڈیو میڈیا کے ذریعے خصوصی پروگرامز اور آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے تمام پروگراموں میں بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے پیغامِ رحمت، امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو معاشرے کے ہر طبقے تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔

مزید پڑھیں