وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) برائے مالی سال 2026-27 کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبوں کو مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی 17 جاری اور 5 نئی ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری، نئے تفریحی مقامات کی تعمیر، ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اس موقع پر معاونِ خصوصی ملک عدیل اقبال نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹورازم ہیلپ لائن 1422 کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاح اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت عملی طور پر نظر آنی چاہیے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے لیے تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام جاری منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ خیبرپختونخوا میں سیاحت اور ثقافت کو مزید فروغ ملے، مقامی معیشت مستحکم ہو، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
