ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد انصار اللہ خلجی کا ریجنل انفارمیشن آفس سوات اور پختونخوا ریڈیو سوات کا اچانک دورہ

ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد انصار اللہ خلجی نے ریجنل انفارمیشن آفس سوات اور پختونخوا ریڈیو سوات کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے دفتری امور اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نثار محمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خالد رحمان وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کو دفتر کی مجموعی کارکردگی، میڈیا کو سرکاری معلومات کی بروقت فراہمی اور صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ و مختلف سرکاری محکموں کے عوامی فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سینئر انجینئر محمد جلال اور اسسٹنٹ حسین علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے ملاکنڈ ڈویژن کے ریجنل دفتر کا بھی دورہ کیا اور سٹاف کی حاضری رجسٹرڈ چیک کی۔ غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی۔ڈائریکٹر جنرل محمد انصار اللہ خلجی نے دفتر کے افسران و اہلکاروں کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صوبائی حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ سرکاری اقدامات، عوامی خدمات اور فلاحی منصوبوں سے متعلق درست اور بروقت معلومات عوام اور میڈیا تک پہنچانے کے لیے مزید محنت اور پیشہ ورانہ لگن سے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور مختلف محکموں کی کارکردگی سے بروقت آگاہ کرنا محکمہ اطلاعات کی اہم ذمہ داری ہے تاکہ عوامی خدمات اور فلاحی منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خالد رحمان وزیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نثار محمد کے ہمراہ سوات پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سوات پریس کلب کے چیئر مین فضل رحیم خان، جنرل سیکرٹری عدنان باچا، دیگر عہدیداران اور صحافی موجود تھے۔ملاقات کے دوران صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ مسائل اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل محمد انصار اللہ خلجی نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صحافی برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے دفاتر کے دروازے صحافیوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں جبکہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پریس کلبوں کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں