سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبرپختونخوا مطیع اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کو مزید موثر، مالی طور پر خودکفیل اور تکنیکی اعتبار سے جدید بنانے کی ضرورت ہے

سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبرپختونخوا مطیع اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کو مزید موثر، مالی طور پر خودکفیل اور تکنیکی اعتبار سے جدید بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اطلاعاتی و نشریاتی شعبہ میں بدلتی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔وہ پشاور میں “خیبرپختونخوا حکومت کے موجودہ ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز کے پائیدار آپریشنز کے مطالعے” کے موضوع پر منعقدہ توثیقی ورکشاپ (ویلیڈیشن ورکشاپ) سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔سیکرٹری اطلاعات نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو آج بھی عوامی رابطے کاخصوصاً صوبے کے دور دراز اور جغرافیائی لحاظ سے دشوار گزار علاقوں کے لیے سب سے قابلِ رسائی اور موثر ذریعہ ہے،۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز عوام کو باخبر رکھنے، ان کی تعلیم و آگاہی اور انہیں سرکاری اداروں اور حکومتی اقدامات سے مربوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس اہم ذریعہ ابلاغ کو پائیدار، موثر اور عوامی ضروریات کے ہم اہنگ بنانا ہو گا۔ مطیع اللہ خان نے آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے مختلف اضلاع جن میں ضم اضلاع بھی شامل ہیں میں مجموعی طور پر دس ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز فعال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اپنے ریڈیو نیٹ ورک کو مزید وسعت دے رہی ہے، جس کے تحت اپر چترال کے علاقے بونی میں نیا ایف ایم ریڈیو اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ میرانشاہ اور خیبر میں ریڈیو اسٹیشنز کو بھی مستحکم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف موجودہ اسٹیشنز کو برقرار رکھنا نہیں بلکہ انہیں جدید خطوط پر استوار کرنا اور ان کی رسائی، پروگرامنگ اور تکنیکی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ خیبرپختونخوا بھر کی آبادی کی موثر انداز میں خدمات فراہم کر سکیں۔ورکشاپ میں مطالعاتی رپورٹ کے نتائج کا جائزہ لیا گیا، شرکاء نے اپنے عملی تجربات شیئر کیے، آپریشنل اور مالی چیلنجز کی نشاندہی کی اور حکومتی ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کے مستقبل کے لیے پائیدار ماڈلز پر غور و خوض کیا۔سیکرٹری اطلاعات نے آئی کنسلٹ اور دی کمیونیکیٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے مطالعہ مکمل کرنے اور اس کی توثیق کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو یکجا کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔شرکاء نے ایف ایم ریڈیو آپریشنز کے مختلف پہلوؤں بشمول مالی پائیداری، انسانی وسائل، تکنیکی جدت، پروگراموں کی تیاری، سامعین تک نشریات کی رسائی اور ادارہ جاتی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری اطلاعات نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسٹیک ہولڈرز کی مجموعی سفارشات خیبرپختونخوا حکومت کے ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کو صوبے کے عوام کے لیے ایک زیادہ موثر، پائیدار اور جدید ذریعہ ابلاغِ عامہ بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

مزید پڑھیں