منشیات کے خلاف محکمہ ایکسائزکی مسلسل کارروائیاں، بیورو آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی تین ماہ میں بڑی کامیابیاں

محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے بیورو آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی انسداد منشیات کے حوالے سے جاری ہدایات اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات فروشوں، اسمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔بیورو آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، ٹارگٹڈ چھاپوں اور ہائی وے انٹرڈکشن کارروائیوں کے نتیجے میں 534 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں۔برآمد شدہ منشیات میں 480 کلوگرام چرس، 16 کلوگرام ہیروئن، 26 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) اور 12 کلوگرام افیون شامل ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق کارروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے،1310 ممنوعہ گولیاں برامد کی گئیں۔ بیورو نے جدید انٹیلی جنس معلومات، خفیہ نگرانی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے منظم اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں منشیات کی ترسیل کے مختلف راستوں کو ناکام بنایا گیا۔اسی طرح غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود کے خلاف جاری کارروائیوں میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں، جن کے دوران 10 پستول، 7 رائفلیں اور 3500 راؤنڈز برآمد کیے گئے۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے محکمہ ایکسائز کو منشیات فروشوں، اسمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور صوبے بھر میں ان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔پراونشل انچارج عاکف نواز خان کی قیادت میں بیورو آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں، اسمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، ٹارگٹڈ کارروائیوں اور نگرانی کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ خیبرپختونخوا کو منشیات سے پاک بنانے کے حکومتی وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔

مزید پڑھیں