خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی پشاور، مردان اور چارسدہ میں بڑی کارروائیاں، مضر صحت خوراک تلف

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے میں غیر معیاری، ملاوٹی اور مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، مردان اور چارسدہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں مضر صحت اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش برآمد کرکے تلف اور ضبط کر لیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے کاروباروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پشاور کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک بس سے تقریباً 2 ہزار کلوگرام خراب اور مضر صحت بیف لیور برآمد کیا۔ برآمد شدہ گوشت کو مقررہ ایس او پیز کے تحت تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیم نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں مختلف فوڈ یونٹس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران مصالحہ جات بنانے والی فیکٹری سے تقریباً 200 کلوگرام غیر معیاری مصالحہ جات برآمد کرکے ضبط کیے گئے، جبکہ حیات آباد ہی میں ایک آئس کریم فیکٹری سے زائد المیعاد پیکنگ میٹریل برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعلقہ فوڈ یونٹس کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مردان میں چارسدہ روڈ پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے گڑ گانیو یونٹس کے خلاف کارروائی کی۔ ایک گڑ گانی سے تقریباً 2,300 کلوگرام ریفائنڈ چینی اور 200 کلوگرام ملاوٹی گڑ برآمد کیا گیا، جس پر یونٹ کو سیل کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔مزید تفصیلات کیمطابق چارسدہ کے علاقے جورا میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ گڑ گانیو یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جہاں چینی کے تھیلے اور کیمیکل برآمد کرکے ضبط کیے گئے۔ مزید برآں، چارسدہ میں ایک واٹر پلانٹ سے لیے گئے پانی کے نمونے غیر معیاری ثابت ہونے پر تقریباً 800 لیٹر غیر معیاری پانی موقع پر تلف کر دیا گیا اور متعلقہ کاروبار پر جرمانہ عائد کیا گیا۔معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو کامیاب کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری، ملاوٹی اور مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت میں ملوث کاروباروں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت کی کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں اور خوراک کے معیار پر کڑی نظر رکھی جائے۔

مزید پڑھیں