عوامی خدمت، شفافیت اور کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈاکٹر محمد اسرار خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیموں میں گزشتہ روز پشاور میں توصیفی اسناد تقسیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح عوام کو شفاف، فوری اور باعزت سرکاری خدمات کی فراہمی ہے، جس پر ہر صورت من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی عوامی خدمت، شفافیت، احتساب اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی یقینی بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فیلڈ ٹیموں میں توصیفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی، ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف خان، ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرز، ضلعی فوڈ سیفٹی افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارے میں میرٹ، کارکردگی اور احتساب کے اصولوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی جبکہ غفلت اور ناقص کارکردگی پر مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر سمیت انتظامی فیصلوں میں کارکردگی کو بنیادی معیار بنایا جائے گا تاکہ ہر افسر اور اہلکار بہترین انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وہ خود فیلڈ ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کی نگرانی کریں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور عوام سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویے کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت عوامی اطمینان کو کارکردگی جانچنے کا اہم پیمانہ بنایا جائے گا، جس کے لیے شہریوں سے باقاعدہ فیڈ بیک حاصل کیا جائے گا تاکہ ادارے کی خدمات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ڈاکٹر محمد اسرار خان نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دیگر ٹیموں کے لیے بھی مثال ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فیلڈ ٹیمیں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔تقریب کے اختتام پر معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فوڈ سیفٹی افسران اور فیلڈ ٹیموں میں توصیفی اسناد تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔

مزید پڑھیں