خیبرپختونخوا میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مہم کے سلسلے میں ایڈووکیسی، کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ذیلی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری صحت و صوبائی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشنز سینٹرکی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں آئندہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مہم کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی، ابلاغ، سماجی رابطوں اور کمیونٹی کی شمولیت سے متعلق مختلف حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ مہم کا ہدف 9 سے 14 سال کی عمر کی تمام بچیاں ہیں، خواہ وہ سکولوں میں زیر تعلیم ہوں، مدارس میں پڑھتی ہوں یا سکول سے باہر ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آگاہی، ابلاغ اور سماجی رابطوں کی تمام سرگرمیوں میں ان تینوں طبقات کو مکمل طور پر شامل کیا جائے تاکہ مہم کی رسائی زیادہ سے زیادہ بچیوں تک یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں معلومات، تعلیم اور آگاہی سے متعلق نظرثانی شدہ مواد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اصولی طور پر اس کی توثیق کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ اجلاس کے دوران پیش کی جانے والی سفارشات اور متفقہ ترامیم کو شامل کرنے کے بعد حتمی مواد تیار کیا جائے گا۔کمیٹی نے ویکسین سے انکار کے تدارک کے مجوزہ فریم ورک پر بھی غور کیا، جس میں کم، درمیانے اور زیادہ خطرے کی درجہ بندی شامل تھی۔ فریم ورک کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ہر درجہ بندی کے تحت ردعمل کے لیے مقررہ مدت کو مزید مختصر کیا جائے تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔اجلاس میں متحدہ علماء بورڈ سے روابط کے مجوزہ لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ابتدائی مشاورت بورڈ کے مرکزی اراکین سے کی جائے گی، جس کے بعد تمام مکاتبِ فکر کے علماء پر مشتمل ایک وسیع اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مہم کے لیے بھرپور تعاون اور حمایت حاصل کی جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی ایکشن پلان کے ایڈووکیسی، کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن کے حصے کا دوبارہ جائزہ لے کر اسے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مہم کے لیے منعقد ہونے والے خصوصی سوشل اینڈ بیہیویئر چینج (SBC) اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی۔شرکاء نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ طبی ماہرین میں آگاہی اور استعداد کار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تدریسی ہسپتالوں میں منعقد ہونے والی کلینیکل پیتھالوجیکل کانفرنسز (CPCs) میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ اور اس سے متعلق آگاہی کو باقاعدہ شامل کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر آئندہ اجلاسوں اور سرگرمیوں کے لیے متعدد عملی اقدامات اور ٹائم لائنز طے کی گئیں تاکہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مہم کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے اور بروقت ویکسینیشن کے ذریعے نوعمر بچیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ بنایا جا سکے۔
