خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے تمام ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں فائر سیفٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور جامع بنانے کے حوالے سے محکمہ صحت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری ریلیف، تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے بھر کے ہسپتالوں میں موجودہ فائر سیفٹی انتظامات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری، ریسپانس میکانزم اور فائر سیفٹی پروٹوکولز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ہسپتالوں میں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا فیاض علی شاہ نے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر فائر سیفٹی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹیاں اپنے متعلقہ علاقوں کے تمام ہسپتالوں اور صحت کے مراکز کا جائزہ لے کر فائر سیفٹی انتظامات کے حوالے سے جامع رپورٹ مرتب کریں گی۔سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات، ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی رسپانس اور دیگر حفاظتی اقدامات کا مکمل جائزہ لے کر ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کی جائے۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ فائر ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور مؤثر کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی پروٹوکولز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے کے تمام صحت کے مراکز میں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں