صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں جدید میموگرافی سنٹر کا افتتاح کیا

خیبر پختونخوا کےوزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمن نے آج خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) میں قائم کیے گئے جدید میموگرافی سنٹر کا افتتاح کیا، جو صوبے میں خواتین کی صحت کے فروغ، بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور جدید تشخیصی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔افتتاحی تقریب میں سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء الحق، محکمہ صحت اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میموگرافی سنٹر کا قیام خواتین کی صحت کے تحفظ، بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور احتیاطی طبی اقدامات کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ میموگرافی کے ذریعے چھاتی میں ہونے والی ابتدائی تبدیلیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوتی ہے، جو آگے چل کر بریسٹ کینسر کا سبب بن سکتی ہیں۔ بروقت تشخیص سے نہ صرف علاج کے کامیاب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں بلکہ بیماری کی شدت میں کمی آتی ہے، علاج پر آنے والے اخراجات کم ہوتے ہیں اور مریض جلد صحت یاب ہو کر معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ نیا میموگرافی سنٹر جدید طبی آلات سے لیس ہے جہاں تربیت یافتہ ماہرین کے ذریعے محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے 40 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین کو باقاعدگی سے میموگرافی اسکریننگ کروانے کی تلقین کی، جبکہ ایسی کم عمر خواتین جن کے خاندان میں بریسٹ کینسر کی سابقہ تاریخ موجود ہو، انہیں بھی اپنے معالج کے مشورے سے بروقت اسکریننگ کروانے کا مشورہ دیا۔خلیق الرحمن نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور بروقت اسکریننگ کو فروغ دینا قیمتی جانوں کو بچانے اور خواتین کی مجموعی صحت بہتر بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوام کو جدید، معیاری اور خصوصی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھے گی۔صوبائی وزیر صحت نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی، محکمہ صحت اور میموگرافی سنٹر کے قیام میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سنٹر خواتین میں بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص، احتیاطی صحت کے فروغ اور بہتر طبی نتائج کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں