وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں شہید پولیس اہلکار محمد آفاق کی نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد اپنے خصوصی پیغام میں شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔طارق سعید مروت نے کہا کہ پولیس جوان محمد آفاق نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے پشاور کے سینکڑوں شہریوں کی جانیں بچائیں۔ ان کی عظیم قربانی ان شاء اللہ رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ جنگ کسی ایک فرد یا ادارے کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ کسی کو اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک شخص یا ادارے کی جنگ ہے۔ صوبائی حکومت اپنی تمام قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کے ساتھ مکمل عزم اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی گولیاں ختم ہو جائیں گی، مگر خیبرپختونخوا کے غیور عوام کے حوصلے اور عزم ختم نہیں ہوں گے۔ ہمارے بہادر پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔طارق سعید مروت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے شہید محمد آفاق کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
