شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا، طارق سعید مروت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے پولیس لائن ٹانک میں گزشتہ شب مانجھی خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس کانسٹیبل بلال خان، کانسٹیبل طلاء محمد اور محکمہ جنگلات کے فارسٹ گارڈ نور اعظم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر، آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان، ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان، ڈپٹی کمشنر ٹانک جمشید خان، پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران، جوانوں اور علاقائی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی۔ طارق سعید مروت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن سرپرستی، معاونت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔بعد ازاں معاونِ خصوصی نے چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبل جسیم خان، کانسٹیبل داؤد خان اور کانسٹیبل پیر غلام کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی بہادری اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے علاج، مالی معاونت اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی طارق سعید مروت نے کہا کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام ،حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یکسو ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات پوری قوت سے جاری رکھے جائیں گے۔

مزید پڑھیں