محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، طارق سعید مروت معاونِ خصوصی برائے داخلہ طارق سعید مروت کا ہوم ڈیپارٹمنٹ، پولیس لائنز اور ڈپٹی کمشنر پشاور کے مرکزی کنٹرول رومز کے دورے، سکیورٹی انتظامات اور مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور، پولیس لائنز اور ڈپٹی کمشنر پشاور کے زیرِ انتظام قائم محرم الحرام کے مرکزی کنٹرول رومز کے دورے کیے اور صوبہ بھر میں سکیورٹی، مانیٹرنگ اور ہنگامی ردعمل کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ حکام نے معاونِ خصوصی کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات، جلوسوں اور مجالس کی نگرانی، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ کنٹرول رومز فعال طور پر کام کر رہے ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع سے موصول ہونے والی معلومات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
طارق سعید مروت نے دورے کے موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور نویں و دسویں محرم کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت کی ذاتی نگرانی میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ، مؤثر رابطہ کاری اور شبانہ روز مانیٹرنگ کو یقینی بنایا گیا ہے۔اور معاونِ خصوصی کی بروقت ہدایات، مسلسل فالو اَپ اور غیر معمولی کاوشوں نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور صوبے بھر میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
طارق سعید مروت نے کنٹرول رومز کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت امن و استحکام کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں