بھارت کی طرفداری میں اپنے ہی ملک کے عوام کو دہشت گرد قرار دینا افسوسناک ہے، ڈاکٹر امجد علی

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرفداری اور اس کی محبت میں اس حد تک گر جانا کہ اپنے ہی ملک کے لوگوں اور ایک پورے صوبے کے عوام کو دہشت گرد قرار دینے سے بھی گریز نہ کیا جائے، انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت رویہ ہے۔صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ جس صوبے کے عوام کو مریم نواز دہشت گرد قرار دیتی ہیں، اسی صوبے کے عوام نے کبھی انہیں صفدر کی صورت میں ایک بھولا بھالا نوجوان بھی دیا تھا۔ سوال یہ ہے کہ کیا وہ بھی دہشت گرد تھا؟۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا بیانیہ صرف پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان یا حامیوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ خیبرپختونخوا میں رہنے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور پارلیمنٹ میں بیٹھے ان کے نمائندے بھی اسی صوبے کے عوام کا حصہ ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام محبِ وطن ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس صوبے کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ایسے میں پورے صوبے کے عوام کو دہشت گرد قرار دینا نہ صرف ان قربانیوں کی توہین ہے بلکہ قومی یکجہتی کو بھی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ایسے بیانات دراصل 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو روکنے اور عوام کی آواز دبانے کے لیے محض ایک بہانہ ہیں لیکن ہم اپنے آئینی اور جمہوری حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “ہم آرہے ہیں، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں اور نہ ہی اپنے آئینی و جمہوری حق کے لیے آواز اٹھانے سے رکیں گے۔”صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی آواز کو دبانے کی بجائے ان کے مسائل سنے جائیں اور سیاسی اختلافات کو جمہوری انداز میں حل کیا جائے.

مزید پڑھیں