وزیر اطلاعات شفیع جان کے حلقے میں پی ٹی آئی کا بڑا سیاسی وار، پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی رہنما ملک مصور ساتھیوں سمیت شامل

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان کے حلقہ پی کے-92 کوہاٹ کے علاقے چکرکوٹ بالا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک بڑے شمولیتی جلسے کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کو سیاسی دھچکا اس وقت لگا جب سابق ڈسٹرکٹ ممبر ملک مصور نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق ملک مصور کو چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی مفلر پہنا کر تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا تھا جبکہ ان کی باضابطہ شمولیت کا اعلان ہفتہ کو صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کی موجودگی میں منعقدہ جلسہ عام میں کیا گیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شفیع جان نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں اور رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد پی ٹی آئی میں شمولیت پارٹ کی پالیسیوں اور عمران خان کے بیانیہ پر اعتماد کا مظہر ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی اور پارٹی قائدین پر پابندیوں اور جبر کے باوجود بھی عمران خان اور پارٹی کی مقبولیت کا گراف مسلسل اوپر جارہا ہے اور لوگ دوسری پارٹیوں کو الوداع کہہ کر پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام روایتی سیاست سے مایوس ہو چکے ہیں اور تبدیلی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے افراد کو عوامی خدمت اور سیاسی کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ شفیع جان نے کہا کہ چکرکوٹ بالا کی اہم سیاسی شخصیت ملک مصور اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت سے علاقے میں پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوامی حمایت میں مسلسل اضافے کے باعث آئندہ سیاسی دور بھی پی ٹی آئی کا ہوگا۔ جلسے میں پارٹی کارکنوں، مقامی عمائدین اور علاقے کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پی ٹی آئی کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں