خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے ہفتہ کے روز کوہاٹ میں منعقدہ امن جرگہ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جس میں اہلِ سنت اور اہلِ تشیع کے معزز مشران نے چہلم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور انتظامی تعاون کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔جرگہ میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، چہلم کے دوران سیکیورٹی انتظامات، جلوسوں کے روٹس، باہمی رابطوں اور مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ مذہبی رواداری اور باہمی احترام ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں۔ وزیر اطلاعات شفیع جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے پرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے علماء، مشران اور سول انتظامیہ کا باہمی رابطہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ ہمیشہ بین المسالک ہم آہنگی کی مثبت روایات کا امین رہا ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ انہی روایات کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی شرپسند عنصر کو امن خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ جرگہ میں شریک اہلِ سنت اور اہلِ تشیع کے مشران نے ضلع میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چہلم سمیت تمام مذہبی اجتماعات کے دوران مکمل تعاون، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے گا۔شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کسی بھی مسئلے یا اختلاف کی صورت میں باہمی مشاورت اور جرگے کی روایت کے ذریعے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا تاکہ ضلع میں امن و استحکام کی فضا برقرار رہے اور مذہبی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
