ختمِ نبوت ﷺ کانفرنس کی تیاریاں تیز، شفیع جان کی انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیرِ اطلاعات، سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے ختمِ نبوت ﷺ کانفرنس کے انتظامات بروقت مکمل کرنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کوہاٹ میں کانفرنس کی تیاریوں کے جائزے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور انتظامی امور، مجوزہ اقدامات اور باہمی رابطہ کاری پر بریفنگ دی۔
شفیع جان نے حکام کو ہدایت کی کہ کانفرنس کیلئے تمام ضروری انتظامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کئے جائیں اور کسی بھی مرحلے پر غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے منظم اور کامیاب انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے افسران کو اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے اور انتظامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔شرکاء اجلاس نے کانفرنس سے متعلق اپنی تجاویز اور اقدامات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا جبکہ مختلف انتظامی امور پر مزید مشاورت کرتے ہوئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے پر زور دیا گیا۔

مزید پڑھیں