صوبائی وزیر ریاض خان کی زیر صدارت ضلع بونیر سیلاب متاثرین کے معاوضوں سے متعلق اہم اجلاس

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیرِ صدارت ضلع بونیر میں سیلاب متاثرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے معاوضوں اور مالی معاونت سے رہ جانے والے اور تاخیر کا شکار کیسز کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بونیر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو معاوضوں کی ادائیگی کی مجموعی صورتحال، مکمل اور زیرِ التوا کیسز، معاوضوں سے رہ جانے والے متاثرین، تصدیقی عمل اور مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پرووینشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخ ا عارف اللہ سمیت ضلع بونیر کے انتظامی افسران نے شرکت کی اجلاس میں متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو سیلاب متاثرین کے معاوضوں سے متعلق کیسز کی موجودہ صورتحال، اب تک کی پیش رفت، زیرِ التوا کیسز کی وجوہات، تصدیقی مراحل اور کیسز کو جلد نمٹانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ریاض خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ معاوضوں سے رہ جانے والے حقیقی متاثرین کے کیسز کی فوری نشاندہی کرکے انہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور صوبائی حکومت کی جانب سے مقررہ معاوضوں کی ادائیگی ہر مستحق متاثرہ شخص تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد سیلاب سے متاثرہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنااور امداد کرنا ہے۔ اس سلسلے میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن متاثرین کے کیسز ضروری دستاویزات، تصدیق یا دیگر مراحل کی وجہ سے زیرِ التوا ہیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور متاثرین کے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزید پڑھیں