خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیرصدارت سانام ڈیم ضلع دیر لوئر سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کے روز محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر برائے صنعت و تجارت محمد ہمایون خان، محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو سانام ڈیم منصوبے کی موجودہ صورتحال، تکنیکی پہلوؤں، انتظامی پیشرفت اور آئندہ مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ سانام ڈیم منصوبہ پی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری کے لیے ایجنڈے میں شامل کیا جا چکا ہے اور منظوری کے بعد منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا
صوبائی وزیر ریاض خان نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمم تکنیکی اور انتظامی مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں کا بروقت آغاز یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ریاض خان نے کہا کہ سانام ڈیم منصوبہ دیر لوئر سمیت ملحقہ علاقوں کی زرعی ترقی، آبپاشی کی ضروریات پوری کرنے اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کی تکمیل سے زرعی پیداوار میں اضافہ، پانی کے بہتر ذخیرے اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ ملے گا، جس سے علاقے کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت آبی وسائل کے تحفظ، بہتر انتظام اور مؤثر استعمال کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں پانی سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور نئے آبی منصوبوں کی تکمیل حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سانام ڈیم منصوبے کے تمام مراحل پر خصوصtی توجہ دی جائے اور تعمیراتی عمل کے لیے ضروری اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ منصوبہ مقررہ اہداف اور معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔
