خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر ہری پور کا تفصیلی دورہ گیا جہاں صوبائی وزیر نے زیر تعمیر چپڑہ ڈیم اور دوڑ رائٹ بینک کینال پر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے تعمیراتی کام میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوامی مفاد میں جلد تکمیل کی ہدایت جاری کی۔دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی اکبر ایوب، ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز، ایکسین، ایس ای، ایکسین اور محکمہ آبپاشی کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈیم پر جاری تعمیراتی کام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو ڈیم کی تعمیر، ہائیڈرولوجی، سپل وے اور آؤٹ لٹ ورکس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ چپڑہ ڈیم ہری پور کے عوام کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ اس سے زراعت کو فروغ ملے گا ڈیم پر تعمیراتی کام میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ چپڑہ ڈیم کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے دوڑ رائٹ بینک کینال ہری پور کا بھی دورہ کیا اور زیر تعمیر کینال کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔محکمہ کے افسران نے صوبائی وزیر کو کینال پر جاری کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی صوبائی وزیر نے موقع پر موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کینال کی تعمیر میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، شفاف طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہیانہوں نے مزید کہا کہ چپڑہ ڈیم اور دوڑ کینال جیسے منصوبے ہری پور کی معاشی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ ان کی بروقت تکمیل موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
