
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زراعت، بلدیات، ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، مواصلات و تعمیرات، لائیوسٹاک اور فشریز آصف رفیق نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں جدید تحقیق، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے نہ صرف غذائی خودکفالت حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ زرعی اجناس کی درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے تمام فارمیشنز کو مزید مضبوط اور فعال بنانے، پانچ اور دس سالہ مارکیٹ اہداف مقرر کرنے اور تحقیق کے عملی نتائج سامنے لانے کی ہدایت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ زراعت کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ اجلاس کے دوران کیا۔آصف رفیق نے کہا کہ صوبے میں غذائی ضروریات کے پیش نظر ہائی ییلڈنگ ورائٹیز، سبزیوں اور دیگر اجناس کی بہتر اقسام متعارف کرانے، بنجر اراضی کو قابلِ کاشت بنانے، زیتون، شہد، بلیک بیری اور سٹرابیری سمیت دیگر منافع بخش زرعی شعبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا میں ان شعبوں کی ترقی کے لیے غیر معمولی مواقع موجود ہےں، تاہم اب ضروری ہے کہ تحقیق اور منصوبہ بندی کے ثمرات عملی طور پر کاشتکاروں تک پہنچیں۔مشیر موصوف نے ہدایت کی کہ ماڈل فارمز سروسز سنٹرز کے رجسٹریشن، زمینداروں کو مناسب قیمت پر کھاد کی فراہمی اور فارم میکانائزیشن کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ فارم سروس سینٹرز میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے جبکہ ای پروکیورمنٹ اور ای ٹینڈرنگ کے ذریعے خریداری کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کے تمام متعلقہ شعبے اپنی سرگرمیوں، تحقیقی کامیابیوں اور منصوبوں کی پیش رفت کو ویڈیوز کی صورت میں دستاویزی شکل دے کر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کریں تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی اور عوامی آگاہی میں اضافہ ہو۔مشیر زراعت نے کہا کہ زرعی ترقی صوبائی ترجیحات میں نمایاں اہمیت رکھتی ہے اور اگر جدید تحقیق، مؤثر حکمت عملی اور کسان دوست اقدامات کے ذریعے زرعی انقلاب برپا کیا جائے تو نہ صرف غذائی ضروریات مقامی سطح پر پوری ہوں گی بلکہ صوبہ زرعی پیداوار میں خودکفالت کی جانب بھی تیزی سے گامزن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ضروری منصوبوں کی فالفور بندش آپٹیمل ڈیسجن میکنگکو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت عامر آفاق، سپیشل سیکرٹری زراعت زین اللہ، محکمہ زراعت کے تمام ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
