طویل مدت سے تعطل کا شکار ایس آئی ڈی بی اجلاس منعقد، صنعت اور صنعتکار کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے. ڈاکٹر محمد ارشاد

خیبرپختونخوا میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ اور صنعتی شعبے کو درپیش طویل المدتی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایک سال سے زائد عرصے تک تعطل کا شکار رہنے والا سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ (ایس آئی ڈی بی) کا 109 واں اجلاس بالآخر پشاور میں منعقد ہوا، جس میں صوبے کی صنعتی ترقی، ڈیجیٹلائزیشن اور ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد کلیدی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کی صدارت مشیر برائے صنعت و حرفت و چیئرمین ایس آئی ڈی بی ڈاکٹر محمد ارشاد نے کی۔ اجلاس کے شرکا نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بورڈ کے اجلاسوں میں طویل تاخیر کے باعث صوبے کی چھوٹی صنعتیں اور کاروباری برادری کئی انتظامی و عملی مسائل کا شکار ہو چکی تھی۔ اس صورتحال کے تدارک اور مستقبل میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اجلاس میں باقاعدہ ایکٹیوٹی کیلنڈر ترتیب دینے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت آئندہ بورڈ اجلاس مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے۔چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد ارشاد نے صنعتی زونز میں قائم تجاوزات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی پالیسی کاروبار دشمن نہیں ہے، اس لیے کسی بھی جاری کاروبار کو بند کرنے کے بجائے اسے قانونی دائرے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صنعتوں اور صنعتکاروں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں انڈسٹریل پارک پشاور تک رسائی بہتر بنانے کے لیے اپروچ روڈ کی تعمیر اور ایس آئی ڈی بی کے تمام دفتری و انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔ مزید برآں، فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں واقع خیبرپختونخوا آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری میں صرف صوبے کی مقامی مصنوعات اور دستکاریوں کی نمائش کی جائے گی تاکہ مقامی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔اجلاس کے اختتام پر بورڈ ملازمین کے سروس سٹرکچر، اعزازیہ اور پنشن سے متعلق دیرینہ مسائل حل کرنے پر بھی اصولی اتفاق کیا گیا، جس سے ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں