صوبائی وزیر ریاض خان کا مشیر کھیل تاج محمد ترند سے بونیر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور انعقاد کے حوالے سے اہم ملاقات

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند کے درمیان بونیر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے اہم ملاقات مشیر کھیل کے دفتر پشاور میں ہوئی۔ملاقات میں ضلع بونیر میں نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے، مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد، موجودہ کھیلوں کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے اور مقامی سطح پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ بونیر کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مواقع اور سہولیات فراہم کرکے ملک و قوم کا نام صوبائی اور قومی سطح پر روشن کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ریاض خان نے کہا کہ بونیر میں کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بونیر میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔مشیر کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع خصوصاً دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مقامی سطح پر موجود ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی سطح تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بونیر میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی مزید فروغ ملے گا۔ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں