صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت میں ضلع بونیر کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کا انعقاد

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بونیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی سست روی، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بننے والے عوامل کو فوری طور پر دور کیا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم میں ضلع بونیر میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے تحت جاری، نئی اے ڈی پی اور امبریلا سکیموں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور محکمہ آبپاشی کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو ضلع بونیر میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، نئے اے ڈی پی منصوبوں، تکمیل کے قریب منصوبوں اور امبریلا سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افسران نے منصوبوں کی موجودہ پیش رفت، تکمیل کی صورتحال، مختص فنڈز، درپیش مسائل اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔صوبائی وزیر ریاض خان نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے اور فیلڈ میں منصوبوں پر کام کی رفتار کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ضلع بونیر میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے بھی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے گئے ہیں، جن کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے میں ترقیاتی عمل بھی مزید تیز ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد میں شروع کیے گئے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ متعلقہ افسران منصوبوں کی پیش رفت پر کڑی نظر رکھیں، مسائل کی بروقت نشاندہی کرکے ان کا فوری حل یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں اور جن سکیموں پر کام آخری مراحل میں ہے، انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔

مزید پڑھیں