خیبرپختونخوا کے وزیر ہائیر ایجوکیشن و بلدیات مینا خان آفریدی نے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان اور چیئرمین ڈیڈک کوہاٹ داؤد آفریدی کے ہمراہ کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پاکستان کی جدید ترین لیزر ریسرچ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا۔. اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو عالمی مسابقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تحقیق، جدت اور صنعت سے منسلک اعلیٰ تعلیم کو ترجیح دے رہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس، سیکرٹری بلدیات ظفرالاسلام، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینا خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وژن کے مطابق معیاری اعلیٰ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو اپنے تعلیمی پروگراموں کو صنعت اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کیلئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری جامعات کی سالانہ گرانٹس میں 13 گنا اضافہ کیا ہے تاکہ تدریس، تحقیق اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق جامعات کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے یونیورسٹی رینکنگ انیشی ایٹو کے تحت 880 ملین روپے بھی مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کوہاٹ یونیورسٹی نے تدریس اور تحقیق کے میدان میں نمایاں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے تاہم عالمی جامعات اور صنعت کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنا مشترکہ تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے ناگزیر ہے۔ یونیورسٹی حکام نے لیزر ریسرچ لیبارٹری کو سائنسی تحقیق اور تکنیکی ترقی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت طلبہ، اساتذہ اور محققین کو جدید تحقیقی انفراسٹرکچر فراہم کرے گی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں نئی اختراعات کی راہ ہموار کرے گی۔ بعد ازاں مہمانوں نے کسٹ پرفارمنس ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی جہاں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ، محققین اور انتظامی افسران میں شیلڈز، نقد انعامات اور دیگر اعزازات تقسیم کئے گئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے یونیورسٹی کیلئے آئی ٹی پارک، ویمن کیمپس، ہنگو کیمپس اور طلبہ کی سفری سہولت کیلئے 5 نئی بسوں کی بھی منظوری دی ہے جبکہ مزید کئی جدید منصوبے بھی زیرِغور ہیں۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے نئی لیزر لیبارٹری کا دورہ کیا، وہاں نصب جدید آلات کا معائنہ کیا اور مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ لیبارٹری پاکستان میں سائنسی تحقیق کو نئی جہت دے گی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جدت و تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
